رزق حلال نہیں تو سب بیکار ہے۔ اسلام رزق حلال پر بہت زور دیتا ہے حلال کی کمائی میں ملاوٹ نہ ہو اپنا کام پوری ایمانداری سے کریں اور اپنے حلال رزق سے زکوٰ ۃ دیں ہمیں حلال فوڈ اور حلال گوشت استعمال کرنا چاہئے ۔ اِن خیا لات کا اظہار جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس نیو ٹریشن اینڈ ہوم اکنامکس اورحلال آگہی و تحقیقاتی کونسل کے اشتراک سے ’’ دور حاضر میں حلال آگہی سے متعلق درپیش مسائل اور ہماری شرعی ذمہ داریاں‘‘ کے مو ضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ اور اُس کے رسول کی اطاعت کرنی چاہیے اور نیکی کے کام کرنے چاہئیں اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں گدھوں کا گوشت بھی بِک رہا ہے ملاوٹ، ناپ تول میں کمی اخلاقی گراوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے ہے اور جو کوئی اپنی ذمہ داری بھی پوری نہیں کرتا وہ بھی رزق حلال رزق کا حصول نہیں کر رہا۔اُنہوں نے تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کا سیمینار بہت اہم ہے ۔ ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر نورین عزیز قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ہمارے فوڈ سائنس ڈیپارٹمنٹ میں حلال آگہی پر سیمینار ہو رہا ہے ۔خوراک جسم کی ضرورت ہے اور ہمیں حلال اور حرام کی تفریق کرنی چاہئے کیونکہ اگر ایک بھی لقمہ حرام کھا لیں تو چالیس دن تک نماز نہیں ہوتی حلال آگہی و تحقیقاتی کونسل کے صدر پروفیسر محمد احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حلال آگہی و تحقیقاتی کونسل تمام مسالک کے لوگوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ فوڈ سائنس کے طلباء کو پتہ چلے کہ کیا چیز حلال ہے اور کیا حرام ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر ایک لقمہ بھی حرام کا کھایا جائے تو دُعائیں قبول نہیں ہوتیں جب کوئی ایک قدم بھی حلال کی طرف اُٹھاتا ہے تو اُس کیلئے آسانیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس نیو ٹریشن اینڈ ہوم اکنامکس کے انچارج پروفیسرڈاکٹر فقیر محمد انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس دان اور علماء ایک ہی صف میں کھڑے ہو کہ تحقیق کریں جس میں سائنس دان اپنا علم اور علماء شریعت کا علم بتائیں تا کہ مثبت نتائج حاصل ہو سکیں ۔اُنہوں نے کہا کہ صرف خوراک ہی حلال نہیں طرز زندگی میں بھی حلال حرام کو دیکھنا چاہیے۔ جو پیدا کریں وہ بھی حلال ہو اور جو کھائیں وہ بھی حلال ہو۔انسٹیٹیوٹ آف ہوم اکنامکس اینڈ فوڈ سائنسز کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نگہت بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر ہم حلال نہیں کھاتے تو ہمیں وہاں سے دُکھ پہنچتا ہے جس کا ہم سوچتے بھی نہیں ہمارے بہت سے فرائض ہیں کہ حلال کمائیں حلال کھائیں اور اپنی اولاد کو حلال کھلائیں۔ اُنہوں نے طلباء سے کہا کہ آپ کو فاسٹ فوڈ کی ترکیب کو دیکھنا چاہئے کہ اس میں کیا کیا چیزیں استعمال ہوتی ہیں ۔ اُنہوں نے آنے والے تمام مہمانوں کو شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ یہ بہت اچھا سیمینار ہے۔ ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس نیوٹریشن اینڈ ہوم اکنامکس کے ڈاکٹر جاوید عزیز اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشینی ذبیحہ سے اجتناب برتنا چاہئے اور اسلامی طریقے سے ذبح کرنا چاہئے اسلام نے جانوروں کے حقوق تب دئیے جب یورپ میں انسان کے بھی حقوق نہیں تھے۔ غیر مسلم کے ذبح کرنے کے طریقے سے جانور مر جاتے ہیں اور خون نہیں نکلتا جتنا کم خون بہے گا اُتنی ہی گوشت کی کوالٹی خراب ہو گی۔ اس سیمینارمیں جیلاٹن ، مشینی ذیبحہ، تبدیل ماہیت ،ویکسین اور انسولین کے مو ضوعات پر تفصیلی ڈسکشن ہوئی جس میں جی سی یونیورسٹی سائنس دانوں میں ڈاکٹر فقیر محمد طاہر ندیم ڈاکٹر محمد آصف ظہور اور مفتیانِ کرام میں مفتی آصف ، مفتی اکرام اللہ ، مفتی زاہد حسین، مفتی یونس، مفتی عالمگیر، مفتی مجیب ،مفتی زبیر ، مفتی یعقوب اور مفتی عثمان نے شرکت کی۔