جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا ہے کہ چند شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کی خاطر یونیورسٹی کے پر امن تعلیمی ماحول کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔دو ماہ کے دوران 35قابل پی ایچ ڈی اساتذہ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں جس سے کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز شعبہ پاک سٹڈیز کے زیر اہتمام سالانہ ڈنرکے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے تعلیمی معیار پر پورا اترنے والوں کو ریگولر کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ برادری ازم اور فرقہ واریت کوالٹی ایجوکیشن کے لیے زہرقاتل ہے ۔ طلباءو اساتذہ کو کوالٹی ایجوکیشن کے حصول کے لیے تمام قسم کے تفرقات سے بالا تر ہو کر محنت کو اپنا شعار بنانا چاہیے اسی طریقے سے ہم اکیسویں صدی کے چینلجوں اور دیگر معاشی و سیاسی مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں کچھ زیر تکمیل منصوبوں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اور انشاءاللہ وسائل کا بندوبست ہوتے ہی جلد باقی بلاکس کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔ وائس چانسلر نے کہا کے طاقت کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتا مذاکرات کے ذریعے تما م اساتذہ اور طلباءکے مسائل حل کیے جائےں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک سٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر مغیث احمد نے کہا کہ شعبہ پاک سٹڈیز کے اب تک 25ریسرچ آرٹیکلز مختلف قومی و بین الاقوامی ریسرچ جنرنلز میں شائع ہو چکے ہیں اوراسی شعبہ کے زیر اہتمام HECکا تصدیق شدہ جرنل آف سوشل سائنسز بھی باقاعدگی سے نکالا جا رہا ہے جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے دہشت گردی اور پاکستانی ثقافت کے حوالے سے مختلف ٹیبلوز بھی پیش کیے۔ رجسٹرار شیخ محمد اکرم ، چوہدری مشتاق ،ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر زبیر صدیقی ، ڈاکٹر مقصود احمد ، سیکریٹری ٹو وائس چانسلر خرم شہزاد قریشی بھی موجود تھے۔

