Government College University Faisalabad

MOU Signed with North Carolina State University

Posted on: 23 Feb 2011

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور نارتھ کیرولبنا سٹیٹ یونیورسٹی امریکہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر امریکہ میں دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں یونیورسٹیز میں ریسرچ کے فروغ ،فیکلٹی کے تبادلے اور ٹریننگ کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ معاونت کریں گی۔ مفاہمت کی یادداشت پر وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر ذاکر حسین اور ایگزیکٹو وائس چانسلر نارتھ کیرولینا سٹیٹ یونیورسٹی ڈاکٹر واروک آرڈن نے دستخط کیے ۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں یونیورسٹیز میں فوڈ سائنسز، انوائرمینٹل سائنسز، بزنس ایڈمنسٹریشن ، کمپیوٹر سائنس اور بائیولوجیکل سائنسز کے شعبوں میں ہونیوالی ریسرچ اور فیکلٹی کا تبادلہ بھی ہوگا۔نارتھ کیرولینا سٹیٹ یونیورسٹی جی سی یونیورسٹی میں سیمینارز ٹیکنکل کانفرنسز کے انعقاد کے علاوہ جی سی یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو ویزہ کی فراہمی کے لیے مدد فراہم کرے گی جبکہ مختلف پروگرامز کے انعقاد کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ مفاہمت کی یادداشت پر عملددرآمد کے سلسلے میں نارتھ کیرولیناسٹیٹ یونیورسٹی کا انٹرنیشنل افیئرز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرذاکر حسین کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جی سی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ نارتھ کیرولینا سٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط جی سی یونیورسٹی کو بین الاقوامی دھارے میں شامل کرنے کے عزم کی ایک کڑی ہے اور مستقبل قریب میں مزید بین الاقوامی یونیورسٹیز کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے جس سے یونیورسٹی کی رینکنگ میں کافی بہتری آئے گی ۔ نارتھ کیرولینا سٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کو جی سی یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین کے عالمی سطحوں پر رابطوں کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ وائس چانسلر کے قلیل مدتی اقدامات سے یونیورسٹی میں کافی بہتری آئی ہے اور انشاءاللہ جلد جی سی یونیورسٹی کا شمار پاکستان بہترین یونیورسٹیز میں ہوگا۔