جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا ہے کہ حیاتیاتی تغیر کرہ ارض کا حُسن ہے مگر دور جدید میں انسانی افعال نے اس حُسن کو گہنا دیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید انسان اپنے اشرف المخلوقات ہونے کے کردار کو پہنچانے اور کرہ ارض پر بسنے والے چرند، پرند اور نباتات کے محافظ کے طور پر سامنے آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ کے زیر اہتمام بین الاقوامی یوم حیاتیاتی تفاوت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سال یہ دن بین الاقوامی یومِ جنگلات کے طور پر منایا گیا، اس موقع پر حیاتیایتی تفاوت، اسے درپیش خطرات اور دورِ جدید کے انسانی فرائض کو اجاگر کرنے کے لیے بین الشعبہ جاتی پوسٹر، ماڈلز اورآرائش گل کے مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر منعقدہ سیمینار سے مشہور ماہر نباتیات ڈاکٹر منصور حمید نے چولستان کی حیاتیاتی تفاوت پر سیر حاصل لیکچر دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مقصود احمد اور ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر مبشر نیاز بھی موجو د تھے۔

