ذکرِ رسول ﷺکائنات کی بلند ترین حقیقت ہے۔ یہی ذکر انسان کی ورحانی زندگی کی غذا ہے، میلاد النبی ذکر رسولﷺ کا ایک ذریعہ ہے علاوہ ازیں انسان کی ذہینی اور فکری رہنمائی و تربیت کا ایک طریقہ بھی ہے۔ نبی کریم ﷺکی ذات اقدس پر درودوسلام کا نذرانہ پیش کرنا بھی ذکر کی ایک شکل ہے انسان کی مشکلات اور پریشانیاں اس ذکر سے ختم ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ذاکر حسین وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی نے نظامت امور طلباء اور شعبہ علومِ اسلامیہ و عربی کے زیرِ اہتمام ہونے والی محفلِ میلاد مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ شعبہ علومِ اسلامیہ و عربی، طلباء و طالبات کی فکری کا طریقہ بطریق احسن انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے شعبہ میں ہونے والے علمی و تحقیقی کام کو بھی سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے البرہان انٹر نیشنل کے چیئرمین محمد افضل سعید نے نبی کریمﷺکے اسوہ حسنہ کو ہر میدان میں رہنما مانتے ہوئے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دنیا میں آپ کی ذاتِ اقدس ہے جو انسان کی کلفتوں کو الفتوں میں بدل سکتی ہے۔ ناظم نظامتِ امور طلباء ڈاکٹر ندیم سہیل نے نعت کو حصولِ سعادت و برکت کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے نعت کی اہمیت، تاریخ اور انسانی زندگی پراثرات کے حوالے سیر حاصل گفتگوکی۔اس محفلِ میلاد میں پاکستان کے نامور ثناء خواں شامل ہوئے۔ جناب سید منظور الکونین شاہ کے علاوہ شیخ عبدالسلام نقشبندی، قاسم حسان، حفصہ مجید، انعم، قرۃ العین، عثمان صدیقی،اختر قریشی اور دیگر نے ہدیہ سلام و عقیدت پیش کیا۔ آخر میں چیئرمین شعبہ علومِ سلامیہ و عربی ڈاکٹر ہمایوں عباس نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ایسی محافل کے انعقاد کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔