جی سی یونیورسٹی فیصل آباداور حقوق العباد فاؤنڈیشن نے انکروچمنٹ فری گرین سٹی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے اس ضمن میں فیصل آباد سٹی میں پانچ لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز پہلا پودا صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان اور وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر ذاکر حسین نے جامعہ کے مین کیمپس اور ویمن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن کے نیو کیمپس میں لگا کر اس مہم کا با قاعدہ آغاز کر دیا۔ اس مو قعے پر صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری پاک دھرتی سرسبز و شاداب نظر آئے اور اس کیلئے ہمیں وطن عزیز میں پودے لگانے ہوں گے تا کہ ہماری آج کی یہ چھوٹی سی کوشش رنگ لائے اور کل ہم تن آور درختوں کی چھاؤں میں ٹھنڈی ہواؤں کے جھونکے حاصل کریں ۔ اس موقعے پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ اگر ہم اپنے گھر میں ایک پودا لگائیں تو ہمارے بچے اُسکا بہت خیال رکھتے ہیں اسی طرح وطن عزیز کے ہر باسی کا یہ فرض ہے کہ پودے لگائیں اور پھر اُسکی آبیاری بھی کریں۔ یوں آج کے یہ ننھے پودے کل تن آور درخت بن کر پاک دھرتی کو سرسبز و شاداب بنائیں گے جسکی اشد ضرورت ہے۔