جی سی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سائنسز اور ریسکیو 1122کے زیر اہتمام ’’ بیسک لائف سپورٹ پروگرام‘‘ کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد گذشتہ روز ڈاکٹر ذاکر حسین ہال میں کیا گیا۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ یہ ورکشاپ بہت اہمیت کی حامل ہے ایسی ٹریننگ کے ذریعے نا گہانی حادثات سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔ ایسی ٹریننگ بیرونی ممالک میں دی جاتی تھیں اور اب یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو کا پیشہ بہت معزز ہے انہوں نے ٹریننگ کے لئے ریسکیو ٹیم کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔ ممبر سینڈیکیٹ میاں جاوید اقبال نے کہا کہ ایسی ٹریننگ اختیار کرنی چاہیے تاکہ کم سے کم ایمر جنسی کی صورت کا سامنا کرنا پڑے۔ ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سائنسزز ڈاکٹر ریاض حسین ڈب نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ اگر کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں پہلے ایک گھنٹے میں بہتر انداز میں قابو پا لیا جائے تو پچاس فیصد اموات سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ بہت اہم ہے اگر آپ زندگیاں بچائیں گے تو آپ میں خود اعتمادی پیدا ہو گی۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کی بھرپور طریقے سے ٹریننگ میں حصہ لیں کیونکہ آپ ہی ہمارا مستقبل ہیں۔ ریسکیو نمائندگان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کمیونٹی ایورنس ونگ بنایا ہے جس کے تحت 100 سے زائد مختلف سکولز اور کالجز میں ٹریننگ کروا چکے ہیں۔ جس کامقصد لوگوں کو ایمر جنسی سے نمٹنے کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ چھوٹی ایمر جنسی کسی بڑے سانحہ میں تبدیل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ کو اپنے رہن سہن کے طریقے میں ایسے ڈھال لیں کہ کسی ایمرجنسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ہمیں محفوظ معاشرہ بنانے کے لئے اپنے اندر ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہو گا اور اپنے فرائض پر توجہ دینی ہوگی۔ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سائنسز سے ڈاکٹر اویس نے کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد طلباء کو ایمرجنسی پر فوری طور پرقابو پایا جا سکے۔انہوں نے ورکشاپ کے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔