جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کا فروغ میری ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان میں ابھی بہت زیادہ شعبوں میں ریسرچ کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے برگد این جی او کے اشتراک سے سوشل سائنسز ریسرچ کی میتھالوجی کے عنوان سے دوروزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ سوشل سائنسز میں ریسرچ کرنے کے لیے ہر طالب علم کو کمپیوٹر سے واقفیت بہت ضروری ہے کیونکہ موجودہ دور میں مختلف سوفٹ وئیرز نے ریسرچ کو آسان بنادیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے اور دوسرے سماجی مسائل کے پائیدار حل کے لیے بھی ریسرچ کے میدان میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ ریسرچ کو پروان چڑھانے کے لیے یونیورسٹی کی لائبریری کو ریسرچ جرنلزاور نئی کتابوں سے مزین ہونا چاہیے جس کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو زیادہ سے زیادہ مطالعہ کر کے سوالات کرےں اور انکی بنیاد پر مفروضے قائم کر کے اپنے ریسرچ کے عنوانات کو تشکیل دیں۔ برگدکے سنیئر پارٹنر ڈویلپمنٹ پول اقبال حیدر بٹ نے اس موقعہ پر شرکاءکو سوشل سائنسز ریسرچ میتھالوجی کے متعلق لیکچر دیا۔جبکہ صاعقہ رانی نے اس سیمینار کو ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس کے تعاون سے منعقد کروایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر عتیق الرحمان خاں ، ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز علی عشمان سلیم، سیکریٹری وائس چانسلر خرم شہزاد قریشی کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔


