جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اور ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے ہم دنیا کی بہترین یونورسٹیز کے پروفیسرز سے استعفادہ حاصل کریں گے جس کے ذریعے یونیورسٹی بین الاقوامی دھارے میں شامل ہوجائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مانچسٹر کالج آف ہائیر ایجوکیشن اور میڈیا ٹیکنالوجی برطانیہ اور شعبہ ابلاغیات جی سی یونیورسٹی کے اشتراک سے ہائیرایجوکیشن کے مسائل کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہائیر ایجوکیشن کے لئے سب سے بڑا مسئلہ فنانس کا ہے ہمارے ملک میں ایجوکیشن پر مجموعی قومی آمدنی کا صرف ڈیڑھ فیصد خرچ کیا جارہا ہے جوکہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں نہایت ہم کم ہے۔ پاکستان میں معاشی بحران اور غربت کا خاتمہ صرف تعلیم سے ہی ممکن ہے وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم ابھی بھی برطانوی طرز پر چل رہا ہے دنیا کی تین بہترین یونیورسٹیز کے ساتھ مفاہمت کی یاداشتوں کے سلسلے میں بات چیت چل رہی ہے جی سی یونیورسٹی میں بیرون ملک کی یونیورسٹیز جیسا صحت مندانہ تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے قابل عمل کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ شعبہ ابلاغیات کو سنٹر آف ایکسیلینس بنائیں گے‘ دو ماہ کے دوران 35 پی ایچ ڈی اساتذہ کی خدمات حاصل کرچکے ہیں جن میں نصف کے اخراجات ایچ ای سی برداشت کررہی ہے۔ انہوں نے طلباءپر اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ممالک کی یونیورسٹیز میں داخلہ لینے کی بھی تلقین کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سماجی کارکن برطانیہ میں مقیم پاکستانی وکیل اور بزنس مین ڈاکٹر لیاقت نے کہا کہ پاکستانی طلباءمیں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور برطانیہ میں طلباءکے لئے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے جی سی یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کیلئے 15 کمپیوٹرز اور ملٹی میڈیا دینے کا بھی اعلان کیا۔ ڈاکٹر ملک لیاقت نے مانچسٹر کالج میں داخلہ لینے کے خواہشمند جی سی یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے خصوصی ڈسکاﺅنٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر مانچسٹر کالج کے وفد کے رکن مسٹر لوئس اوردیگر نے بھی برطانیہ میں ویزہ کے طریقہ کار اور مختلف شعبوں میں داخلوں کے قوائد پر بھی لیکچر دیئے۔ سیمینارکی کمپئیرنگ ذیشان احمد نے کی۔ سیمینارمیں شعبہ ابلاغیات کے طلبہ طالبات ‘ فیکلٹی ممبران کے علاوہ رجسٹرار شیخ محمد اکرم‘ شعبہ ابلاغیات کی سربراہ مس سلمیٰ عنبر‘ ڈائریکٹر کیوری سی ڈاکٹر زبیر صدیقی‘ سیکرٹری ٹو وائس چانسلر خرم شہزاد قریشی اور دیگر شعبوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

