Government College University Faisalabad

Ground Breaking Ceremony of GC Women University New Campus

Posted on: 21 Apr 2014

میرے لئے یہ امر باعث اعزاز ہے کہ میں نے دُنیا کے ایک عظیم تعلیمی ادارے کے نیو کیمپس کا سنگ بنیا رکھنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کے اعلیٰ وژن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ صوبے بھر میں تعلیمی ادارؤں کا جال بچھا رہے ہیں اور نسل نو کو قومی دھارے میں شریک کرنے کیلئے انہیں اپنے گھر کے نزدیک تعلیمی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔ اِن خیا لات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم ،سپورٹس اور نوجوانان و آثار قدیمہ اور پرو چانسلر رانا مشہود احمد خان نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو کیمپس کے سنگ بنیاد رکھنے کے مو قعے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین ایجوکیشن پالیسی میکر ہیں اُنکی سربراہی میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے بے پناہ ترقی حاصل کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اُنکی رہنمائی میں جتنی بھی جامعات چل رہی وہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں ۔اُنہوں نے موجودہ حکومت میں میا ں محمد شہباز شریف کو علم دوست شخصیت قرار دیا اور کہا کہ آج اُنکی بدولت پاکستان کے صوبہ پنجاب میں تعلیم کی شمع روشن ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نئی نسل سے بڑی توقعات ہیں کہ وہ آگے چل کر ملک و قوم کیلئے اپنی اپنی فیلڈ میں وطن عزیز کے ساتھ ساتھ اپنے تعلیمی ادارؤں کا نام روشن کریں گے۔ اُنہوں نے خواتین کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ہماری خواتین تعلیم حاصل کریں گی تو اسکا اثر آئندہ آنے والی کئی صدیوں تک مثبت انداز میں بہتر پڑے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف یہی چاہتے ہیں کہ آج ہماری نئی نسل میں خواتین تعلیمی میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔اُنہوں نے یوتھ بزنس لون کے حوالے سے ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل پر ہمیں پورا اعتماد ہے کہ وہ آنے والے وقت میں تعلیمی زیور سے آراستہ ہو کر ملک کی تقدیر بد لیں گی۔ اس لئے اس سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانا چاہئے۔ اس موقعے پر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کیلئے یہ کیمپس چار سو ایکٹر اراضی پر مشتمل ہے۔ آج اگر اس نیو کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے تو یہ ہمارے وزیر اعلیٰ پنجاب جناب میاں محمد شہباز شریف کے اعلیٰ ویژن کا نتیجہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت اس تعلیمی ادارے میں سات ہزار سے زائد طالبات علم کی دولت سے مالا مال ہو رہی ہیں اور انہیں تعلیم دینے والی خواتین کی تعداد178ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بی ایس (آنر)ایم اے انگلش، ایم اے اُردو اور ایم اے اسلامیات کی کلاسیں ہو رہی ہیں اور اُردو اور اسلا میات کے مضامین میں ایم فل کا اجراء بھی ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس نیو کیمپس کیلئے80کروڑ روپے کا پراجیکٹ ہائر ایجو کیشن کمیشن اور حکومت پنجاب کو بھجوایا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ 2013-14کیلئے اس سال کا بجٹ 35کروڑتھا اور اگلے سال کیلئے یہ تخمینہ تقریبا دوگنا ہو گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج ہم جس جگہ کھڑے ہیں انشااللہ آئندہ آنے والے وقت میں یہاں بڑی بڑی تعلیمی عمارتیں لیبارٹریاں، لائبریریاں اور کھیل کے میدان ہوں گے اور انشااللہ یہاں اسی خطے کی خواتین زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گی۔ اُنہوں نے کہاکہ میری دلی دُعا ہے کہ یہ کیمپس خواتین کی علمی ادبی اور ادبی تدریسی ضروریات کو پورا کرنے اور نسل نو کی فلاح و بہبود اور تعلیمی مشن کو جاری رکھنے کا وسیلہ بن سکے۔

[nggallery id=216]